دینہ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ مین چوک پر تجاوزات مافیا کا قبضہ برقرار ہے، میڈیا کی نشاندہی پر بلدیہ اہلکاروں نے گزشتہ روز غیرقانونی ٹھیہ ہٹا دیا تھا، لیکن چند گھنٹوں بعد ہی غیر قانونی سجی کا ٹھیہ دوبارہ چوک کے وسط میں لگا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دینہ میں میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران مین چوک میں غیر قانونی طور پر لگائے گئے ٹھیے کو میڈیا کی نشاندہی پر ہٹایا گیا۔ تاہم انتظامیہ کی نااہلی یا مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے یہ ٹھیہ چند ہی گھنٹوں کے اندر دوبارہ مین چوک پر قائم ہو گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات مافیا کی یہ سرگرمیاں انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ سجی والا شخص یا تو بہت بااثر ہے یا پھر انتظامیہ کی ملی بھگت کے سبب دوبارہ اپنی جگہ پر قابض ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ دینہ میں تجاوزات کے خلاف کیا جانے والا آپریشن مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر تجاوزات مافیا بدستور قابض ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں تاکہ عوام کو تجاوزات مافیا سے نجات مل سکے۔
