جہلم میں گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار، دکانیں سیل

جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم کی گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2776 سے زائد چھاپے، 154 خلاف ورزیوں کی نشاندہی، متعدد گراں فروش گرفتار، فوجداری مقدمات درج، کئی دکانیں سیل، بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گراں فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف بازاروں، مارکیٹوں اور دکانوں پر چھاپے مارے گئے، جن میں 154 خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا۔

انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد گراں فروشوں کو موقع پر گرفتار کر کے ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے، جبکہ کئی دکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس موقع پر واضح کیا کہ عوام کو ناجائز منافع خوری سے بچانے کے لیے انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامیہ کو فوری اطلاع دیں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے سخت اقدامات سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔

انتظامیہ نے عندیہ دیا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن آئندہ دنوں میں مزید سخت کیا جائے گا تاکہ عوام کو مہنگائی اور منافع خوری سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button