محرم الحرام کے دوران صفائی کیلئے آڑ ڈبلیوایم سی کا جامع پلان تیار، تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ

جہلم: راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) نے محرم الحرام کے مقدس ایام میں عزاداروں اور شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے ایک جامع صفائی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا ساجد صفدر نے اس حوالے سے کمپنی کے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں صفائی کے غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت کمپنی کے تمام ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور اضافی نفری کو مختلف شفٹوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی مقامات پر شہریوں کو ہر ممکن صفائی کی سہولیات مہیا کرنا ہے۔
سی ای او نے بتایا کہ جہلم شہر سمیت تمام تحصیلوں، جن میں پنڈ دادنخان، سوہاوہ اور دینہ شامل ہیں، میں یکم محرم الحرام سے یوم عاشور تک خصوصی صفائی آپریشن جاری رہے گا۔ اس ضمن میں مقامی پرائیویٹ کنٹریکٹرز اور عملے کو بھی دو شفٹوں میں کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی مقام پر کوتاہی نہ ہو۔
رانا ساجد صفدر نے مزید کہا کہ تمام امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے روٹس پر نہ صرف خصوصی صفائی کی جائے گی بلکہ ان مقامات پر دھلائی، فنائل اور چونے کا چھڑکاؤ بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے پہلے سے ہی جلوسوں کے روٹس پر کوڑا کرکٹ، ملبے اور دیگر فضلہ جات کی صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ عاشورہ کے دنوں میں کسی قسم کی رکاوٹ یا بدنظمی پیدا نہ ہو۔
سی ای او کے مطابق ان اقدامات کی نگرانی کے لیے سینئر منیجر آپریشنز عمیر قریشی کی سربراہی میں ایک خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو نہ صرف صفائی کے انتظامات پر نظر رکھے گی بلکہ مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہے گی۔
رانا ساجد صفدر نے یہ بھی اعلان کیا کہ RWMC کی ہیلپ لائن 1139 محرم الحرام کے دوران مکمل طور پر فعال رہے گی اور شہری صفائی سے متعلق کسی بھی شکایت یا تجویز پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
آخر میں انہوں نے تمام منتظمین، علماء کرام، رضاکاروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے عمل میں تعاون کریں، کیونکہ "صفائی نصف ایمان ہے” اور ان مقدس ایام میں صفائی کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



