پنڈدادنخان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے تحصیل پنڈدادنخان میں واقع چائنیز گارد ایل سی آئی فیکٹری کھیوڑہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور کام کی جگہوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی پنڈدادنخان اور ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان نے انہیں سیکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی پی او جہلم نے اس موقع پر کہا کہ ملک کے مثبت تشخص اور بین الاقوامی ساکھ کو بہتر بنانے کے لیے غیر ملکی شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ چائنیز باشندگان ہمارے وی آئی پی مہمان ہیں اور ان کی سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔
اسی سلسلے میں ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے تھانہ پنڈدادنخان کی حدود میں واقع البیرونی کالج گراؤنڈ میں قائم مویشی منڈی کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایس ایچ او کو ہدایت کی کہ مویشی منڈی کی فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ خریداروں اور تاجروں کی حفاظت پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ٹریفک کے بہاؤ کو منظم رکھنے، شہریوں کی آمد و رفت میں سہولت دینے اور منڈی میں داخلے کے وقت واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کو لازمی بنانے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اور تاجروں کے قیمتی اثاثوں کی حفاظت ہر ممکن بنائی جائے گی۔
