پاکستان اور سعودیہ کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے اتحاد کا پیش خیمہ ہے، حافظ عبد الحمید عامر

جہلم: حافظ عبد الحمید عامر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودیہ کے درمیان ہونے والا تاریخی دفاعی معاہدہ پورے عالم اسلام کے اتحاد اور یکجہتی کا پیش خیمہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کو حرمین شریفین کا محافظ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان حافظ عبد الحمید عامر کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان حرمین شریفین سے ایمانی اور روحانی عقیدت رکھتے ہیں، اور ان کی حفاظت کے لیے جان و مال کی قربانی دینا ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو طرز کے اس دفاعی معاہدے نے علامہ اقبال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت وطن عزیز نے عالمی سطح پر اپنی حیثیت منوائی ہے، جبکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت نے اس معاہدے کو حقیقت کا روپ دیا۔

حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ ان شاء اللہ جلد ہی دیگر اسلامی ممالک بھی اس اتحاد میں شامل ہو کر عالم اسلام کو مزید مضبوط اور مستحکم بنائیں گے، اور یوں ہنود و یہود کی ناپاک سازشیں ناکام ہو جائیں گی۔ حافظ عبد الحمید عامر نے کہا کہ اس معاہدے نے پاکستان اور سعودیہ کو یک جان دو قالب کر دیا ہے۔ یہ اتحاد ابر رحمت کا پہلا قطرہ ہے اور امت مسلمہ کے لیے خوش بختی کا باعث ثابت ہوگا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ میں اتحاد و اتفاق پیدا کرے اور کھوئی ہوئی قائدانہ میراث انہیں دوبارہ نصیب ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button