سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر دو مختلف ٹریفک حادثات، 3 افراد جاں بحق، خواتین سمیت 11 افراد زخمی

سوہاوہ/ جہلم: سوہاوہ میں جی ٹی روڈ سوہاوہ پر ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور موٹروے اہلکار سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔
پہلا افسوسناک واقعہ ڈومیلی موڑ جی ٹی روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں ریکوری وہیکل کی مرمت کے دوران سڑک کنارے کام کرنے والے افراد ٹرک کی زد میں آ گئے۔ حادثے کے نتیجے میں 28 سالہ عمران ولد شریف اور 26 سالہ کوثر ولد محمد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ 24 سالہ عدنان ولد مرتضیٰ شدید زخمی ہو گیا جو موٹروے اہلکار بتایا جاتا ہے۔
ریسکیو 1122 نے نعشوں اور زخمی کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم منتقل کر دیا جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
دوسرا حادثہ جی ٹی روڈ پنڈ متے خان کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار کوسٹر، ٹریلر اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں کوسٹر ڈرائیور 47 سالہ شیر غلام ولد محمد شفیع موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ 3 خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں میں 22 سالہ مزمل ولد شریف، 21 سالہ ولید ولد عبدالرشید، 28 سالہ حماد ولد خبیب، 65 سالہ مرجان زوجہ گن شفل، 28 سالہ بلال ولد کامران ، 19 سالہ کومل زوجہ ارشد، 50 سالہ فاروق بیگم زوجہ لال شاہ ، 20 سالہ ارشد ولد عنایت، 32 سالہ شاہد ولد ہاشم اور 35 سالہ نصیر احمد ولد عبدالمجید شامل ہیں۔
تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوسٹر گوجرانوالہ سے کوہاٹ جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر پہلے ٹریلر سے ٹکرائی اور پھر ٹرک سے جا ٹکرائی۔



