نمک سے مصنوعات تیار کرنے والوں کو چھوٹی صنعتیں لگانے کیلئے قرضے فراہم کریں گے، خرم آفتاب ڈار

کھیوڑہ: پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن محکمہ صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے زیراہتمام کھیوڑہ سالٹ ویلی میں ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار میں ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن خرم آفتاب ڈار، ریجنل ڈائریکٹر حافظ سلیم ارشد، اور پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر سمیت شہر کے معززین، ایل سی آئی افسران، میڈیا نمائندگان اور سالٹ انڈسٹری سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ سٹیج کی میزبانی کھیوڑہ سالٹ ویلی کے انچارج چوہدری تنویر نے کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن خرم آفتاب ڈار نے کہا کہ کھیوڑہ سالٹ ویلی میں ایک سالٹ ورکشاپ قائم کی گئی ہے، جہاں مختلف دکانیں بنائی گئی ہیں۔ ان دکانوں میں نمک سے تیار کردہ مصنوعات کو متعارف کرایا جائے گا، جس سے اندرون اور بیرون ملک ایکسپورٹ اور امپورٹ کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی کے باوجود گزشتہ سال چھ لاکھ سیاحوں کی آمد خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نمک سے مصنوعات تیار کرنے والوں کو چھوٹی صنعتیں لگانے کے لیے قرضے فراہم کرے گی۔ اس اقدام سے مقامی لوگوں کے روزگار میں اضافہ ہوگا جبکہ سفید اور گلابی نمک کو ’’کھیوڑہ سالٹ ویلی‘‘ کے نام سے برانڈ کر کے فروخت کیا جائے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نمک کی جدید مارکیٹنگ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اختتام پر ڈائریکٹر خرم آفتاب ڈار نے قرعہ اندازی کے ذریعے سالٹ انڈسٹری سے وابستہ دس افراد کو دکانوں کے سرٹیفکیٹس جاری کیے تاکہ وہ اپنی تیار کردہ مصنوعات کو نمائش اور ایکسپورٹ کے ذریعے فروغ دے سکیں۔ اس اقدام سے نہ صرف مقامی انڈسٹری کو ترقی ملے گی بلکہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی کارکردگی میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button