جہلم میں میرج بیورو نوسر باز گروپ متحرک، لڑکی کی شادی کروا کر امیر لوگوں کو لوٹنے کا انکشاف

جہلم میں موبائل شادی دفاتر شہریوں کو سہانے سپنے دکھا کرگھروں کا صفایا کر نے لگے۔ ندیم، مسعود الحسن شاہ اور تسلیم کوثر پر مشتمل مبینہ خود ساختہ میرج بیورو نوسر باز گروپ ضلع جہلم میں سرگرم، لڑکی کی شادی کرواکر امیر لوگوں کو لوٹنے کا انکشاف، بڑی عمر کے امیر لوگ نوسر باز گروپ کے نشانے پر ہیں۔

ندیم وڑائچ گروپ کے ظلم کا شکار متاثرہ سیدزادہ مقصود حسین شاہ انصاف کے حصول کیلئے میڈیا ہاؤس پہنچ گیا۔ سید مقصود حسین شاہ نے بتایا کہ ندیم نے کچھ عرصہ قبل میری شادی تسلیم کوثرسے کروائی۔بعدازاں لڑکی کا بھائی مسعود الحسن شاہ اور اس کا دیوانہ ندیم بھی بہانہ بنا کر میری کوٹھی میں شفٹ ہوگئے۔

جہلم: مقصود حسین شاہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے (فوٹو: چوہدری عابد محمود)

سید مقصود حسین شاہ نے الزام عائد کیا کہ میری غیر موجودگی میں شراب و شباب کی محفلیں سجاتے اور لوٹ مار کر تے رہے، میں نے یورپ سے مختلف اوقات میں تقریبا ً70لاکھ روپے اپنی سابقہ بیوی تسلیم کوثر کے اکاؤنٹ میں بھیجوائے جو کہ یہ ٹھگ گروپ ہڑپ کر گیا۔

متاثرہ شخص نے بتایا کہ علاوہ ازیں میں نے ایک عدد آلٹو کار نمبری LE-8841(مبلغ10لاکھ روپے) میں خرید ی اور ایک عدد موٹر سائیکل125خرید کر اپنی کوٹھی میں کھڑا کیا۔ جو یہ گروپ چوری کرکے اپنے ہمراہ لے گئے اور جعل سازی سے اپنے نام ٹرانسفر کروا لیا۔

سید مقصود حسین شاہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میری سابقہ بیوی تسلیم کوثر نے اپنے آشنا اور بھائی مسعود الحسن کے ساتھ مل کر مجھے نیند کی گولیاں کھلا کر قتل کرنے کی کوشش بھی کی اور میرے گھر سے میری چیک بک، طلائی زیوارت، پاسپورٹ، 2قیمتی موبائل فونز، شناختی کارڈ اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں رابطہ کرکے مجھے تسلیم کوثر کو طلاق دینے کا کہا گیا طلاق نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ، انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنی جان بچانے کی خاطرڈر کیوجہ سے تسلیم کوثر کو طلاق دے دی مگر پاسپورٹ اور شناختی کارڈ سمیت کسی چیز کی واپسی نہ کی گئی۔

سید مقصود حسین شاہ نے کہا کہ میرا وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ سے مطالبہ ہے کہ مجھے جان و مال کا تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف فراہم کیا جائے، نوسر باز گروپ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

↑
Exit mobile version