پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین نے ڈی ایس پی محمد اکرم کے ہمرارہ اے سی آفس میں امن کمیٹی اور انجمن تاجران پنڈدادن خان کے نمائندوں کے ساتھ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور شہر کی بہتری کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں بڑی تعداد میں امن کمیٹی ممبران اور انجمن تاجران کے وفد نے شرکت کی۔
ڈی ایس پی محمد اکرم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے اور امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ مل کر جلوس کے راستوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ تحصیل پنڈدادن خان کو پنجاب کی خوبصورت ترین تحصیل بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ للِہ انٹرچینج کی دونوں سائیڈز کو خوبصورت بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کو باقاعدہ پرپوزل بھیج دی گئی ہے اور لاری اڈہ سے اسسٹنٹ کمشنر آفس تک سٹریٹ لائٹس لگانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ریڑھی بانوں پر جرمانے عائد کرنے کی حامی نہیں اور نہ ہی کسی ریڑھی بان پر آج تک جرمانہ کیا گیا ہے۔ انجمن تاجران سے اپیل کی گئی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور ریڑھی بانوں کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے۔ صفائی سے متعلق شہری شکایات کے لیے متعلقہ فورمز استعمال کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید بتایا کہ کھیوڑہ میں ایک تفریحی پارک کا جلد افتتاح کیا جائے گا، جبکہ "صاف ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت موصول ہونے والی عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔
