یوٹیلیٹی سٹور پر صرف شہری آبادیوں کی پہنچ، دیہی صارفین حکومتی رمضان پیکج کے ثمرات سے محروم

پڑی درویزہ: یوٹیلیٹی سٹور پر صرف شہری آبادیوں کی پہنچ ہے ، دیہی صارفین تک حکومتی رمضان پیکج کے ثمرات قطعً نہیں پہنچ پاتے، عام مارکیٹ میں اشیا ء خورد و نوش کے نرخ کم کیے جائیں، دیہی صارفین کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق الیکٹرانک ، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے یوٹیلیٹی سٹور پرمجوزہ رمضان پیکج کے متعلق اشتہارات کا بلا وجہ شور و غوغا جاری ہے کہ شاید یہ سہولت ہر پاکستانی یا پنجابی صارف تک برابر پہنچ رہی ہے جبکہ حقائق اس کے بالکل بر عکس ہیں۔
صارفین کے مطابق حکام بالا کو علم ہونا چاہیے کہ پاکستان بھر کے دیہات میں آج بھی 65سے 70فیصد آبادی رہائش پذیر ہے جو آزاد منڈیوں کے ہاتھوں یومیہ بنیادوں پر استحصال کا شکار ہوتی ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان بھر سے صوبہ پنجاب تک کے دیہی صارفین نے وزیر اعظم پاکستان اور نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مشترکہ مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹور ز پر دیا جانے والا پیکج ایک نام نہاد پیکج کے سوا کچھ نہیں رہتاہے کیونکہ کہ صوبے بھر کی کثیر آبادی مذکورہ سہولت سے محروم رہتی ہے۔
نیز کچھ دیہی علاقاجات میں فرنچائز یوٹیلیٹی سٹور کا ڈراما رچا ہوا ہے وہ بالکل بے اثر ہے کیونکہ عرصہ دراز سے ان سٹورز نے دوکانوں کی شکل اختیار کر لی ہے۔
قبل اس کے بھی کئی مرتبہ مطالبہ کیا جا چکا ہے کہ دور دراز کے علاقوں میں فرنچائز یوٹیلیٹی سٹور کو فوری طور پر بند کر کے مالکان کی زر ضمانت واپس کر دی جائے یا ہر ضلع کے گوداموں میں بیان بالا رمضان پیکج سرکاری کے علاوہ دور دراز علاقوں میں پہلے سے قائم شدہ فرنچائز یوٹیلیٹی سٹور پر بھی رمضان المبارک کے آغاز پر ہی برابر پہنچایا جائے تا کہ شہر و دیہات کے صارفین یکساں سہولت سے استفادہ کر سکیں۔



