سوہاوہ کے علاقہ بڑاگواہ میں شاندار سرکل کبڈی میچ کا انعقاد

سوہاوہ: عیدالفطرکے موقع پرتفریح کیلئے بڑاگواہ میں شاندار سرکل کبڈی کاانعقاد، جہلم کی ٹیم نے گجرات کی ٹیم کوشکست دیدی، کامیابی پرخوب جشن، شائقین کی بڑی تعداد میں شرکت، مہمانوں نے انعامات تقسیم کئے، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر عوام الناس کی تفریح کیلئےسوہاوہ کے علاقہ بڑاگواہ میں شاندار سرکل کبڈی میچ کا انعقاد کیاگیا۔
مہمانوں اور کبڈی کھلاڑیوں کا گراؤنڈ پہنچنے پر شاندار استقبال کیاگیا جن میں ملک زاہد اعوان پنجاب پولیس، مرزاطارق پنجاب پولیس، راجہ بلال المعروف ایم پی اے کھوکھراں، راجہ جبران، محمد ذیشان کیانی، پہلوان محمد احسان کیانی بڑاگواہ حال مقیم کالا گجراں، پہلوان ناصر مسعود کیانی ڈھوک حفیظ اللہ سمیت دیگر شامل تھے۔
پہلوان سپورٹس گروپ جہلم راجہ عدنان دانی کھوکھرالمعروف باباکھوکھریوکے،گکھڑ ویلفیئرٹرسٹ آورسیز بانی راجہ علی امریکہ نے شیلڈز سپانسر کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
تھانہ ڈومیلی پولیس موقع پر ڈیوٹی دیتی رہی۔اس موقع کھانے پینے کے اسٹال بھی لگائے گئےتھے۔کبڈی میچ کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں عوام اُمڈ آئی، جن میں بچے بزرگ نوجوان شامل تھے،کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کرکے خوب داد وصول کی۔
کبڈی میچ میں ضلع جہلم اور ضلع گجرات کی ٹیموں کے مابین مقابلہ ہوا، ضلع جہلم کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلہ کے بعد ضلع گجرات کی ٹیم کو شکست دے کرکبڈی میچ جیت لیا۔کھلاڑیوں نے خوب جشن منایا۔ کامیاب کھلاڑیوں میں مہمانوں نےانعامات تقسیم کئے اور مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پرمہمانوں اور شائقین نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے کھیل ہماری ثقافت بھی ہےاور نوجوانوں کیلئے ایک صحت مندانہ سرگرمی بھی ہے۔ اسی طرح ثقافتی پروگرام کاانعقادہونا چاہیے تاکہ میدان آباد ہوں اور ہسپتال ویران ہوں۔ اچھے انتظامات اور کامیاب کبڈی کے انعقاد پر پہلوان راجہ عدیل کیانی اور انکی ٹیم کومبارکباد پیش کی۔



