رمضان المبارک؛ جہلم میں تسبیح، ٹوپی اور جائے نماز کی مانگ میں نمایاں اضافہ

جہلم: رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد کے ساتھ ہی جہلم شہر میں تسبیح، ٹوپی اور جائے نماز کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم قیمتوں میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 سے 30 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جس سے خریداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دکانداروں کے مطابق رمضان المبارک کے دوران ان اشیاء کی فروخت میں 35 سے 40 فیصد تک اضافہ ہو جاتا ہے اور شہری بڑی تعداد میں ان اشیاء کی خریداری کر رہے ہیں۔ شہر کے مختلف بازاروں میں ہر طرح کی ٹوپیاں فروخت ہو رہی ہیں، جن میں سادہ، کشیدہ کاری والی اور مختلف ممالک کے مخصوص ڈیزائن شامل ہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ درآمدی پابندیوں اور ٹیکسوں میں اضافے کے باعث اب کئی ممالک سے خام مال منگوا کر مقامی سطح پر ٹوپیاں اور تسبیح تیار کی جا رہی ہیں۔ اس وقت بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ترکی اور چین سے خام مال درآمد کیا جا رہا ہے، جسے مقامی طور پر تیار کر کے فروخت کیا جاتا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں مذہبی اشیاء کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ عام عوام کو زیادہ قیمتوں کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



