دینہ میں ٹریکٹر ٹرالیوں کی ریس نے 22 سالہ نوجوان کی جان لے لی، ایک نوجوان زخمی

دینہ کے نواحی علاقہ منگولہ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 22 سالہ موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں گزشتہ روز چوہدری مبشر حسین ولد چوہدری آصف حسین مرحوم اپنے دوست شاہ زیب کے ہمراہ موٹرسائیکل پر منارہ پلی سے منگولہ کی جانب جا رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالیوں، جنہوں نے مبینہ طور پر آپس میں ریس لگا رکھی تھی، میں سے ایک ٹرالی سے ٹکرا گئے۔ تصادم کے نتیجے میں دونوں نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔

مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، تاہم 22 سالہ مبشر حسین شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی شاہ زیب زیر علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ٹرالی ڈرائیوروں کی تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد ٹرالی ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کے والد بھی چار ماہ قبل ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ نوجوان کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور خوشیوں بھرا گھر ایک بار پھر غم میں ڈوب گیا۔

اہل علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالیوں کی غیر قانونی ریسنگ اور تیز رفتاری کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور ذمہ دار ڈرائیور کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button