اسسٹنٹ کمشنر جہلم کا مختلف پٹرول پمپس کا اچانک دورہ، پٹرول و ڈیزل کی پیمائش کا تفصیلی معائنہ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے شہر کے مختلف پٹرول پمپس کا اچانک دورہ کیا اور پٹرول و ڈیزل کی پیمائش کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دورے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ شہریوں کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں کسی قسم کی ناپ تول میں کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے واضح کیا ہے کہ پیمائش میں ہیرا پھیری کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔

معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے سرکاری پیمانے کے ذریعے پٹرول پمپس کی نوزلز سے نکلنے والی مقدار کو چیک کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود عملے کو سخت تنبیہ کی کہ اگر پیمائش میں معمولی سا فرق بھی پایا گیا تو پٹرول پمپ کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم کے احکامات کے مطابق عوام کو ان کے پیسے کا پورا حق ملنا چاہیے اور پیمائش کی شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر رہی ہے اور پمپ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پیمانوں کی باقاعدہ جانچ کرواتے رہیں تاکہ کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے بھی پیمائش میں کمی نہ آئے۔

شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے پٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ فروخت کے لیے مثبت قدم قرار دیا ہے۔

Exit mobile version