دینہ: ضلع جہلم کے تاریخی مقام قلعہ روہتاس میں سکھ یاتریوں کی گردوارہ چواء صاحب پر حاضری، مذہبی رسومات ادا کیں، سکھوں کی آمد کے سلسلے میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کی تحصیل دینہ کے تاریخی مقام قلعہ روہتاس کے پہلو میں واقع گردوارہ چوا صاحب پر کینیڈا ، بھارت اورامریکہ سے آئے 257سکھ یاتریوں نے حاضری دی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ سکھوں کی آمد کے سلسلے میں ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی طرف سے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔
سکھ یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے یہاں آ کر بہت اچھا لگا، ہماری عبادت گاہیں محفوظ ہیں یہاں آ کر اپنائیت محسوس ہوئی اور ڈھیروں محبت ملی ہے۔ پاکستان کی محبت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیار اور محبت اپنی مثال ہے، حکومت کی طرف سے سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کر کے ہمارے دل جیت لیے ہیں، بھارت کو بھی چاہئے نفرتوں کو ختم کر کے دوستی کا ہاتھ بڑھائے۔
