سوہاوہ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے مسافر کی جان بچا لی، مسافر کے لاکھوں روپے محفوظ بنا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات نیشنل ہائی ویز موٹر وے پولیس سوہاوہ کو 130 ہیلپ لائن کی کال موصول ہوئی کہ مسہ کسوال کے نزدیک ٹویوٹا رش کار (WU-786) میں سوار شخص نے اچانک خطرناک طریقے سے گاڑی روکی ہے معلوم ہوتا ہے کوئی سنگین مسئلہ ہوگیا ہے۔
موٹروے پولیس کے افسران ایس آئی یاسر علی، ایس آئی محمد فہد اور آپریشنل آفیسر آئی پی اسد عباس فوری طور پر موقع پر پہنچے اور دیکھا کہ گاڑی میں موجود اکیلا ڈرائیور نثار احمد سکنہ راولپنڈی بے ہوش ہے، مریض کو ریسکیو 1122 کے ذریعے ٹی ایچ کیو گوجر خان منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے برین ہیمرج کی تشخیص کرتے ہوئے پمز اسلام آباد ریفر کر دیا۔
موٹروے پولیس افسران نے گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں 16 لاکھ 64 ہزار ایک سو روپے اور جائیداد کے کچھ کاغذات پر مشتمل ایک بیگ برآمد ہوا۔ موٹروے پولیس نے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور ہسپتال پہنچنے پر صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مریض کی حالت اب بہتر ہے۔ مزید تصدیق اور تمام قانونی تقاضوں کے بعد گاڑی، رقم اور دستاویزات اہل خانہ کے حوالے کر دیے گئے ۔
فوراً موقع پر پہنچ کر مسافر کی قیمتی جان اور قیمتی سامان بچانے پر ڈی ایس پی موٹرویز پولیس سوہاوہ چوہدری علی عابد رضوان نے نیشنل ہائی ویز موٹر وے پولیس کے افسران کی بھرپور ستائش کی اور سینئر کمان کو تعریفی اسناد اور نقد انعام کی سفارش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ شخص نثار احمد کے لواحقین نے موٹرویز پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور افسران کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
