5
جہلم: ضلعی انتظامیہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی زیر صدارت گزشتہ روز ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں شروع کی جانے والی گرین/الیکٹرک بس سروس کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بس سروس کے مجوزہ اسٹاپس، روٹس اور دیگر انتظامی امور پر مشاورت کی گئی تاکہ شہریوں کو بہتر اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کے بھائی حمزہ کیانی، سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری سعید اقبال اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر حمزہ کیانی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم کے غیور عوام کو گرین بس سروس کی سہولت ملنے سے شہریوں کو درپیش بے شمار سفری مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے ویژن کی عملی عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت شہریوں کو آرام دہ، معیاری اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
حمزہ کیانی نے مزید کہا کہ الیکٹرک بس سروس کے آغاز سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو ایک پرسکون، محفوظ اور جدید ٹرانسپورٹ نظام میسر ہوگا، جو جہلم کے شہری ڈھانچے میں ایک مثبت اور دیرپا تبدیلی ثابت ہوگا۔
اجلاس کے اختتام پر عزم ظاہر کیا گیا کہ گرین بس سروس کو جلد از جلد مؤثر انداز میں فعال بنایا جائے گا تاکہ عوام اس جدید سفری سہولت سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔
