پنڈدادنخان: للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے کے لئے فنڈز کی فراہمی اور تعطل کا شکار، منصوبہ کی تکمیل کے لئے پنڈ دادنخان سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات پر مشتمل وفد نے راجہ سرفراز اکرم سجادہ نشین دربار عالیہ امام بری سرکارؒ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
وفد میں ملک غلام مصطفیٰ کندوال، سابق صدر راولپنڈی ہائی کورٹ بار و امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 61 ملک عزیز اعوان ایڈووکیٹ، کرنل (ر) زاہد حسین شیرازی امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 26، راجہ جواد جالپ امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 26، چوہدری محمد اسماعیل جوتانہ، سید علی یزدان بخاری، حافظ عبدالستار آزاد، کرنل (ر) راجہ رضا علی خان، چوہدری محمد اقبال کھوتھی، چوہدری محمد ولایت تارڑ، چوہدری عدنان، راجہ عتیق جنجوعہ، سید سجاد شاہ، اسد منہاس، مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق جنرل سیکرٹری ن لیگ ضلع جہلم حافظ اعجاز جنجوعہ، راجہ امیر حمزہ، راجہ زاہد جنجوعہ، راجہ عبدالرحمٰن، راجہ سہیل، راجہ کامران صدیق جنجوعہ، چوہدری محمد اکرم وڑائچ اور ملک محفوظ شامل تھے۔
وفد نے راجہ سرفراز اکرم کو للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کی مقررہ مدت میں تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات اور منصوبہ کے لئے مناسب فنڈز کی فراہمی اور منصوبہ کے تعطل کا شکار ہونے کی تکنیکی وجوہات پر بریف کیا۔
وفد کے اراکین نے راجہ سرفراز اکرم کو بتایا کہ یہ گیم چینجر منصوبہ جس کی تکمیل کے لئے ابتدائی تخمینہ لاگت 14 ارب اور 79 کروڑ روپیہ تھا اور اس کی تکمیل کے لئے مقررہ مدت 36 ماہ تھی جو کہ جون 2024 ہے لیکن مناسب فنڈز فراہم نہ ہونے کی وجہ سے اس کی مقررہ مدت میں تکمیل ناممکن ہو چکی ہے اور اس بڑے منصوبے کے لئے مالی سال 2023-24میں محض ایک ارب 80 کروڑ روپیہ مختص کیا گیا اور اس مختص شدہ فنڈز میں سے بھی پہلی سہ ماہی میں صرف 7 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کیا گیا جو کہ منصوبہ کے لئے آٹے میں نمک کے برابر ہے۔
وفد نے راجہ سرفراز اکرم سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے ڈیول کیرج وے کے لئے مختص باقی ماندہ ایک ارب 72 کروڑ پچاس لاکھ کی رقم کو دوسری سہ ماہی کی قسط جو کہ 22 دسمبر کو جاری کی جانی ہے اس قسط میں جاری کروائیں اور اس کے بعد بلاک ایلکشن سے مزید فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ یہ روڈ اپنی تکمیل کی طرف بڑھ سکے۔
وفد نے راجہ سرفراز اکرم کو پنڈ دادنخان اور ضلع جہلم کے باسیوں کو اس سڑک کے ادھورے کام کی وجہ سے درپیش ناقابل برداشت پریشانیوں سے آگاہ کیا۔
راجہ سرفراز اکرم نے وفد کے اراکین میں سے چوہدری محمد اقبال کھوتھی اور سید علی یزدان بخاری کو منصوبہ کے بارے میں ضروری کاغذات اور تفصیلات انہیں اگلے 2 دنوں میں فراہم کرنے کا کہا اور وفد کے اراکین سے وعدہ کیا کہ وہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی سیکرٹری خزانہ سے ملاقات کر کے انہیں اس عظیم منصوبہ کی تکمیل کے لئے فنڈز کی فراہمی کے لئے کہیں گے۔
آخر میں ملک غلام مصطفیٰ کندوال نے وفد کے اراکین کی کوششوں کی کامیابی کے لیے دعا فرمائی۔
