سوہاوہ میں 31 سالہ شخص کو قتل کر کے لاش کنویں میں پھینک دی گئی

سوہاوہ میں 31 سالہ شخص کو قتل کر کے لاش کنویں میں پھینک دی گئی، لاش کو کنویں سے برآمد کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے پھلڑے سیداں میں 31 سالہ شخص کی لاش کنویں سے برآمد ہوئی ہے، پولیس کے مطابق مقتول کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے بعد لاش کنویں میں پھینکی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کا انکشاف اُس وقت ہوا جب ایک شہری نے کنویں کے ارد گرد خون کے نشانات دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ سوہاوہ پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور سرچ آپریشن کے بعد کنویں سے ایک شخص کی ڈیڈ باڈی برآمد کر لی گئی جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 31 سالہ اویس کے نام سے ہوئی ہے جو کہ گوجرخان کے گاؤں کرسل جاتری کا رہائشی تھا اور گزشتہ دو روز سے لاپتہ تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول اویس سوہاوہ میں اپنے دوست ارسلان سے ملنے آیا کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اویس اور اس کا دوست ارسلان متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول کا دوست ارسلان واقعہ کے بعد سے غائب ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button