جہلم میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان، راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور

جہلم شہر میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بجلی کی بدترین اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں وقفے وقفے سے کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث صارفین شدید اذیت کا شکار ہیں اور بالخصوص رات کے اوقات میں بجلی کی بار بار بندش سے شہریوں کو راتیں جاگ کر گزارنا پڑ رہی ہیں۔
شہر کی سماجی، رفاہی اور کاروباری شخصیات نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا سکون چھین لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دن کے اوقات میں کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ رات کے وقت بار بار بجلی کی بندش سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی مسلسل بندش نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث بچے، بزرگ اور بیمار افراد بالخصوص مشکلات سے دوچار ہیں۔
صارفینِ بجلی نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی، چیئرمین واپڈا اور چیف انجینئر آئیسکو اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر میں جاری اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کی جائے تاکہ شہریوں کو گرمی کی شدت میں مزید مشکلات سے نجات مل سکے۔



