سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کی زیر نگرانی تحصیل سوہاوہ میں معرکہ حق (آپریشن بنیان المرصوص) کے سلسلے میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی میں شہریوں، تعلیمی اداروں کے طلبہ و اساتذہ، سرکاری و نجی اداروں کے سربراہان، معززینِ علاقہ اور سماجی نمائندگان نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی عظیم قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ملک کے دفاع کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ملک کی حفاظت اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
ریلی کے دوران جوش و خروش سے نعرے لگائے گئے اور اتحاد، نظم و ضبط اور قومی ذمہ داری کے پیغام کو اجاگر کیا گیا، جو ایک مضبوط اور متحد قوم کی علامت ہے۔
آخر میں شرکاء نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر مشکل وقت میں افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ریلی کا اختتام “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ ہوا۔
