جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کو ہر صورت یقینی بنائے گی،ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے محرم الحرام کے سلسلے میں دربار سخی شاہ بھور میدان، تھانہ سول لائنز کے علاقے میں جاری جلوس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او جہلم نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور جوانوں کی حاضری، الرٹنس اور فرائض کی انجام دہی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران انتہائی مستعدی، چوکس انداز اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ عزاداروں کی حفاظت اور امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی پی او نے جلوس کے روٹ، داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات (ٹربل پوائنٹس) اور دیگر حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا، جبکہ ڈی ایس پی سٹی سرکل نے انہیں جلوس کے سیکیورٹی پلان، پولیس نفری کی تعیناتی، ٹربل پوائنٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے جلوس کے منتظمین اور لائسنس داران سے بھی ملاقات کی اور ضابطۂ اخلاق پر مکمل عملدرآمد، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ جلوس میں شریک ہونے والے تمام افراد کو مکمل سیکیورٹی چیکنگ اور واک تھرو گیٹس سے گزرنے کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فول پروف حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جہلم پولیس کے افسران اور جوان پوری مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور تمام جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات پر کڑی نگرانی جاری ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور پرامن ماحول کے قیام کو ہر صورت یقینی بنائے گی، جبکہ قانون شکنی یا امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



