ڈومیلی کے علاقہ پھڈیال کی واٹر سپلائی سنگین بحران کا شکار، ہزاروں مکین بوند بوند کو ترس گئے

سوہاوہ: ڈومیلی کے نواحی علاقہ پھڈیال میں گزشتہ دو ماہ سے پینے کے صاف پانی کا شدید بحران جاری ہے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تقریباً دو ماہ قبل واٹر سپلائی کی مرکزی پائپ لائن مکمل طور پر بہا کر لے گئی تھی جس کے باعث پھڈیال اور ملحقہ دیہات کے ہزاروں مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ پینے کے صاف پانی کے حصول کے لیے انہیں روزانہ دور دراز علاقوں سے پانی لانا پڑ رہا ہے، جو نہ صرف وقت طلب بلکہ انتہائی دشوار کام بھی ہے۔ یہ مرکزی پائپ لائن تقریباً 45 برس قبل بچھائی گئی تھی جو اب خستہ حالی اور ناکارہ ہونے کے باعث مزید مسائل پیدا کر رہی ہے۔ اگست سے پانی کی سپلائی بند ہے جس نے عوامی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پائپ لائن کی مرمت اور جوڑنے کی کوششیں کی ہیں لیکن جگہ جگہ شدید لیکج کے باعث پانی کی فراہمی بحال ہونا ممکن نہیں۔ اس صورتحال نے عوام کو شدید کرب اور مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

اہلِ علاقہ نے حکومتی نمائندہ چوہدری فرخ الطاف، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور دیگر متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے واٹر سپلائی لائن کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کریں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ اب مزید انتظار کی سکت نہیں رہی، بروقت اقدامات ہی عوام کو اس کربناک صورتحال سے نکال سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button