ڈومیلی میں خاتون سمیت 3 افراد کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے 5 ملزمان گرفتار

سوہاوہ: ڈومیلی پولیس کی اہم کارروائی،خاتون سمیت 3 افراد کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمے میں ملوث 5 ملزمان شبیر حسین، کبیر، قندیل، مجید اور ذیشان کو گرفتار کر لیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے اس کے والد، بھائی اور بھابھی کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر کے انہیں چالان کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق کارروائی مکمل کی جا سکے۔ ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی نے اس کارروائی کو پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب حکمت عملی کا حصہ قرار دیا ہے۔
تھانہ ڈومیلی پولیس نے ایک اور کارروائی میں ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم محمد اقبال کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کیا ہے۔ ملزم کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔



