جہلم میں پیرا فورس ان ایکشن، زائد نرخ پر روٹی فروخت کرنے والے 8 تندور مالکان گرفتار

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر ایس ڈی ای او پیرا جہلم شاہد ممتاز اعوان نے پیرا فورس کے ہمراہ شہر جہلم میں گرانفروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد تندور مالکان کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے دوران ایسے افراد کے خلاف قانونی ایکشن لیا گیا جو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روٹی سرکاری نرخ 14 روپے کے بجائے زائد قیمت پر فروخت کر رہے تھے۔
پیرا فورس نے کارروائی کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کیا، جن کے خلاف سمری ٹرائل کے بعد انہیں جیل بھجوا دیا گیا جبکہ ہر گرفتار شخص کو 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
گرفتار ہونے والے افراد میں نعیم اختر، محمد یوسف، محمد حسین، ندیم خان، عتیق حسن، عبد الکبیر، آصف علی اور جنت گل شامل ہیں۔
ایس ڈی ای او پیرا جہلم شاہد ممتاز اعوان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گرانفروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت کی مقرر کردہ قیمتوں سے زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ آئندہ بھی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا جائے گا۔



