جہلم کے سپیشل بچے قومی ہیرو بن گئے، نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر میر نے میڈل پہنائے

جہلم کے سپیشل بچے قومی ہیرو بن گئے! نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے القاسم انسٹی ٹیوٹ آف اسپیشل ایجوکیشن کے طلبہ نے ضلع جہلم کا نام روشن کر دیا۔ ان بچوں نے اپنی معذوری کے باوجود ثابت کیا کہ ہمت، جذبہ اور محنت کے ذریعے ہر رکاوٹ کو عبور کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک پروقار تقریب کے دوران فاتح طلبہ کو میڈل پہنائے اور ان کی شاندار کامیابی پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے ہمارے معاشرے کا روشن چہرہ ہیں، جنہوں نے اپنی معذوری کو کمزوری نہیں بلکہ طاقت بنایا۔
ڈپٹی کمشنر نے القاسم انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ اور اساتذہ کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی محنت اور لگن کے باعث یہ بچے قومی سطح پر کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ادارے کی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کر کے ان کے جذبے کو مزید مضبوط بنایا۔



