اسلام نے خواتین کو سب سے زیادہ حقوق دئیے ہیں، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: اسلام نے خواتین کو سب سے زیادہ حقوق دئیے ہیں، نبی کریم ﷺ کی آمد سے پہلے جہالت کے اندھیرے تھے اور بیٹیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ درگور کر دیا جاتا تھا۔
ان خیالات کااظہار خواتین کے عالمی دن کے موقع پر شہر کی معروف مذہبی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ دین اسلام خواتین کے لیے بارانِ رحمت بن کر آیا اور عورت کی محکومیت اور مظلومیت کو ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے ناموس نسواں کو اجاگر کیا اور بے حیائی کے تمام دروازوں کو بند کر کے عورت کو معاشرے میں عزت و ناموس سے نوازا۔اسلام نے ہی عورت کو رحمت و سکینیت کا مظہر ٹھہرایا اور ماں،بہن،بیوی اور بیٹی الغرض عورت کے ہر رشتے کی معاشرے میں ایک مقدس پہچان بنائی۔
سید خلیل حسین کاظمی نے مزید کہا کہ قرآن و حدیث میں بار بار عورت کی حرمت اور حقوق کاذکر آیا ہے ۔نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ماں کے قدموں تلے جنت ہے اس سے بڑھ کر اور کوئی مثال ہو ہی نہیں سکتی۔



