جہلم میں تھانہ سٹی کے علاقے محمدی چوک میں واقع سخی محمد مارکیٹ میں نصب بجلی کے میٹر چوری ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں مدعی نے اپنے حقیقی بھائی کو نامزد کیا جبکہ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو فراہم کر دی گئی ہے، جس نے تمام حقیقت عیاں کر دی۔
محمد یوسف ولد سخی محمد نے تھانہ سٹی میں درخواست جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا بھائی محمد شبیر سکنہ محلہ عزیزہ آباد، قبرستان چوک جہلم نے گزشتہ ماہ 3 مئی کو صبح 5 بج کر 37 منٹ پر سخی محمد مارکیٹ میں نصب 6 بجلی کے میٹر چوری کیے۔
مدعی کے مطابق مذکورہ مارکیٹ میں 8 دکانیں موجود ہیں، جو اس نے یکم مارچ 2023 سے کرایہ پر چڑھا رکھی ہیں، جن میں مختلف کاروبار جاری ہیں۔
مدعی کا مزید کہنا تھا کہ اس کا بھائی محمد شبیر، دو کرایہ داروں کو اپنے ساتھ ملا کر باقی چھ کرایہ داروں کو ہراساں کرتا ہے اور ان کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ حالانکہ محمد شبیر نے معزز عدالت سے حکم امتناعی بھی حاصل کر رکھا ہے، تاہم وہ مسلسل اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہ صرف شرانگیزی میں ملوث ہے بلکہ کاروباری معاملات میں مداخلت بھی معمول بنا چکا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ 3 مئی کو علی الصبح ملزم نے بغیر کسی قانونی جواز کے نہ صرف حکم امتناعی کی خلاف ورزی کی بلکہ 6 میٹر چرا کر دکان داروں کو نقصان پہنچایا، جس کی واضح ریکارڈنگ مارکیٹ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کر لی گئی ہے۔
پولیس نے مدعی کی درخواست پر محمد شبیر کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 379 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
