دینہ پولیس کی اہم اور انسان دوست کارروائی، ذہنی معذور گمشدہ بچی کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا

دینہ: پولیس نے اہم اور انسان دوست کارروائی کرتے ہوئے 14 سالہ ذہنی معذور گمشدہ بچی کو بحفاظت اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھانہ منگلا کینٹ کے علاقہ بڑل سے تعلق رکھنے والی بچی کو بحفاظت بازیاب کیا جو گھر سے نکل کر بس میں سوار ہو کر دینہ کے علاقے میں پہنچ گئی تھی۔
مقامی افراد کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور بچی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے بچی کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط کے ساتھ اس کے لواحقین کی تلاش شروع کی اور مختلف ذرائع سے معلومات اکٹھی کرتے ہوئے تھانہ منگلا کینٹ سے بھی رابطہ کیا۔
مسلسل کاوشوں کے بعد بچی کے اہل خانہ کا سراغ لگا لیا گیا اور ضروری تصدیق کے بعد بچی کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ لواحقین نے اپنی بچی کی بحفاظت واپسی پر جہلم پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ان کی خدمت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے اقدامات عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔



