دینہ: مصنوعی مہنگائی کے خلاف سخت تحصیلدار کی کارروائیاں، 50 ہزار جرمانے، ایک دکان سیل، مقدمات درج

دینہ: تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا نے رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی کرنے والے دکانداروں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانے عائد کر دیے، ایک دکان سیل کر دی جبکہ تین دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان کے احکامات کی روشنی میں تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا نے دینہ مین بازار، داتا چوک اور منگلا روڈ پر گراں فروشی کے خلاف کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران متعدد دکاندار مہنگے داموں اشیائے خوردونوش فروخت کرتے اور سرکاری ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے کے مرتکب پائے گئے، جس پر مجموعی طور پر 50 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے، ایک دکان کو سیل کر دیا گیا جبکہ تین دکانداروں کے خلاف قانونی مقدمات درج کر لیے گئے۔
اس موقع پر تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، اور گراں فروشی یا مصنوعی مہنگائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو تنبیہ کی کہ بابرکت مہینے میں ناجائز منافع خوری سے باز رہیں اور روزہ داروں کو سہولت فراہم کریں۔
تحصیلدار دینہ نے واضح کیا کہ گراں فروشی کے خلاف یہ کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی اور جو بھی دکاندار عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالے گا، اس کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



