جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، 403 افراد اور 159 گھروں کی چیکنگ، اشتہاری گرفتار

جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کرتے ہوئے 403 افراد اور 159 گھروں کی چیکنگ کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والا ملزم اور اشتہاری گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جہلم پولیس نے ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیوں کا انعقاد کیا۔ کارروائیوں کے دوران سینکڑوں افراد، گھروں اور مختلف مقامات کی چیکنگ کی گئی جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک ملزم اور ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ضلع بھر کے 13 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 403 افراد، 159 گھروں اور 4 ہوٹلوں و بس اسٹینڈز کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے مشکوک افراد، کرایہ داروں اور دیگر مقامات کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
سرچ آپریشن کے دوران تھانہ ڈومیلی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک عدد ریوالور 32 بور برآمد کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
اسی طرح تھانہ پنڈدادنخان کی حدود میں پولیس نے ایک مطلوب اشتہاری مجرم کو بھی گرفتار کر لیا، جو مختلف مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردی، جرائم اور امن عامہ کے خلاف سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، ناکہ بندیوں اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
پولیس کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم یا ناخوشگوار واقعے کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



