جہلم میں نکاسی آب اور سیوریج سسٹم کی بہتری کے لیے کام جاری ہے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ شہر میں نکاسی آب اور سیوریج سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سیوریج پائپ لائن کا منصوبہ جاری ہے، جس کی تکمیل سے بارش کے پانی کے کھڑا ہونے اور سیوریج کی بندش جیسے مسائل کا خاتمہ ممکن ہوگا۔
انہوں نے نیا بازار اور مین بازار میں جاری سیوریج لائن بچھانے کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
میونسپل افسران کی جانب سے منصوبے کی پیش رفت پر دی گئی بریفنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام تعمیراتی سرگرمیاں تاجروں اور شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کی جائیں گی۔
میثم عباس نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور نکاسی آب کے اس منصوبے کی تکمیل سے شہر میں سیوریج کا نظام بہتر ہوگا، جس سے عوام کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی۔



