عید قربان کی تیاریوں کا آغاز، جہلم میں قصابوں نے چھریاں اور اوزار تیز کروانا شروع کر دیے

جہلم: عید قربان کی آمد قریب آتے ہی جہلم شہر میں قربانی کے جانوروں کے ذبح کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
شہر بھر میں قصابوں نے اپنی چھریاں، ٹوکے اور دیگر اوزار تیز کروانے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ عید کے دنوں میں قربانی کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
قصابوں کا کہنا ہے کہ رواں سال اوزاروں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی وجہ سے اکثر قصاب نئے اوزار خریدنے کے بجائے پرانے اوزار ہی تیز کروا کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ مہنگائی نے ان کے کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے اور جدید اوزار خریدنا اب ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
دوسری جانب شہری حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر متعلقہ انتظامیہ نے قصابوں کے نرخنامے اور صفائی کے انتظامات پر بروقت توجہ نہ دی تو شہریوں کو عید کے پرمسرت موقع پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عید قربان نہ صرف ایک مذہبی فریضہ ہے بلکہ صفائی، حفظان صحت اور قانون کی پاسداری کا بھی امتحان ہوتا ہے، جس میں انتظامیہ اور عوام دونوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
عوامی مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر نرخنامہ جاری کرے، صفائی کے عملے کو متحرک کرے اور غیر رجسٹرڈ قصابوں پر نظر رکھے تاکہ قربانی کا عمل صاف، شفاف اور اصولوں کے مطابق مکمل ہو سکے۔



