آل پاکستان مقابلہ حسن قرأت میں جامعہ علوم اثریہ جہلم کے طلباء نے نمایاں پوزیشنز حاصل کر لیں

جہلم: آل پاکستان مقابلہ حسن قرأت میں جامعہ علوم اثریہ جہلم کے طلباء نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے نمایاں پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔ یہ مقابلہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سوسائٹی لاہور کے زیر اہتمام 24 اگست 2025 کو لاہور میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے 200 امیدواروں نے شرکت کی۔
پروگرام کے ضابطے کے مطابق پہلے دس کامیاب طلبہ کو پوزیشن ہولڈر قرار دیا جانا تھا۔ جامعہ علوم اثریہ جہلم کے دو طلباء حافظ محمد اویس اور حافظ جند اللہ خان نے اس مقابلے میں شرکت کی اور اپنے ادارے کا نام روشن کیا۔ حافظ محمد اویس نے ساتویں جبکہ حافظ جند اللہ خان نے آٹھویں پوزیشن حاصل کر کے جہلم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے کامیاب طلباء اور ان کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں اور اس کامیابی پر اپنے طلباء اور اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ ان کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ہونہار طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے جامعہ میں جلد ایک پروقار تقریب منعقد کی جائے گی تاکہ دوسرے طلبہ میں بھی قرآن کی تعلیم اور مقابلوں میں حصہ لینے کا شوق پیدا ہو۔ “ایسے مقابلے نہ صرف طلباء کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ان کے اندر قرآن کریم کے ساتھ وابستگی کو بھی مزید مضبوط بناتے ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان طلبہ اور جامعہ کے تمام طلباء کی صلاحیتوں کی حفاظت فرمائے تاکہ یہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔”
جامعہ کے اساتذہ اور دیگر طلباء نے بھی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور حافظ محمد اویس اور حافظ جند اللہ خان کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔



