ضلع جہلم میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ ملکی صورتحال، کالعدم تنظیموں کے خلاف اقدامات اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی باعزت وطن واپسی کے عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ملک کی مجموعی سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف قومی لائحہ عمل کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس حوالے سے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی سی جہلم میر رضا اوزگن نے کمیٹی کو افغان باشندوں کی محفوظ اور مقررہ وقت میں وطن واپسی سے متعلق حکومتی پالیسیوں سے بھی آگاہ کیا اور زور دیا کہ یہ عمل انسانی ہمدردی کے اصولوں کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے اجلاس کے دوران امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ کھل کر تبادلہ خیال کیا اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان سے اہم تجاویز حاصل کیں۔

کمیٹی کے ارکان نے ضلعی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جہلم میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتبِ فکر متحد ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کرتے رہیں گے۔

Exit mobile version