جہلم میں کرائے داروں کی ناقص اسٹامپنگ کے باعث جرائم میں اضافہ

6
جہلم میں کرائے داروں کی ناقص اسٹامپنگ کے باعث جرائم میں اضافہ، شہریوں نے پولیس سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ کالا گجراں کے علاقے میں کرایہ داروں کی ناقص اسٹامپنگ اور کرایہ داری کی تفصیلات کے درست ریکارڈ نہ رکھنے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر آسانی سے اپنے مقاصد حاصل کر کے فرار ہو جاتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کالا گجراں کے متعدد علاقے چوروں، ڈاکوؤں، قحبہ خانوں اور منشیات فروشوں کے لیے محفوظ پناہ گاہوں میں بدل گئے ہیں۔ تھانہ کالا گجراں میں تعینات سکیورٹی عملہ کرایہ داروں کے اسٹامپ اور ان کی تفصیلات معلوم کرنے میں غیر فعال ہے، جس کی وجہ سے جرائم میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں نے بتایا کہ قحبہ خانے اور منشیات فروش نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور گنجان آباد علاقوں میں کرایہ کے مکان حاصل کرتے ہیں، جہاں اکثر غیر قانونی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں رہائش پذیر کرایہ داروں کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی پناہ گاہیں ختم کی جا سکیں اور شہر کے امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ بروقت اور سخت اقدامات کے بغیر شہری زندگی اور عوامی تحفظ متاثر ہو سکتا ہے۔



