پنڈدادنخان میں نکاسی آب کا نظام مفلوج، لاری اڈا اور ریلوے روڈ گندے پانی میں ڈوب گئے

پنڈدادنخان: گزشتہ رات ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد پنڈ دادنخان کے مرکزی لاری اڈا اور ریلوے روڈ پر نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو گیا، جس کے باعث سڑکیں گندے پانی میں ڈوب گئیں اور شہریوں، مسافروں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مقامی افراد کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان میں نکاسی آب کے بیشتر راستے مبینہ طور پر تجاوزات کی نذر ہو چکے ہیں، جبکہ سڑکوں کے کنارے قائم نالوں کی گزشتہ کئی برسوں سے صفائی نہ ہونے کے باعث معمولی بارش بھی علاقے کو تالاب میں تبدیل کر دیتی ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی کاروباری مندی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے متاثر ہیں، جبکہ اب دکانوں کے سامنے کئی کئی گھنٹے کھڑا رہنے والا گندا پانی ان کے کاروبار اور صحت دونوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق شدید گرمی میں یہی پانی تعفن اور حبس کا باعث بنتا ہے، جس سے ماحول مزید خراب ہو جاتا ہے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار سے پانچ سال کے دوران متعدد بار ٹاؤن کمیٹی، ضلعی انتظامیہ اور حکومت پنجاب سے نالوں کی صفائی اور نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا گیا، تاہم ہر بار فنڈز کی کمی کا جواز پیش کیا جاتا رہا۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت بھی اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

شہریوں، دکانداروں اور مسافروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے روڈ اور مرکزی لاری اڈا پر ہر بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، جس سے کاروبار متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ آمدورفت بھی شدید دشواری کا شکار ہو جاتی ہے۔

اہلِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر جہلم اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کرائی جائے، تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور نکاسیٔ آب کا مستقل اور پائیدار نظام قائم کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس دیرینہ مسئلے سے نجات مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button