جہلم میں ٹرانسپورٹرز کی من مانیاں، مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنا شروع کر دیا

جہلم سے مضافاتی علاقوں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان نے من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ انتظامیہ اوورچارجنگ روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ مسافروں سے زائد کرایہ وصولی پر قابو نہ پایا جا سکا جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

جہلم سے پنڈدادنخان، چوٹالہ، دینہ جبکہ دینہ سے ڈومیلی، بڑاگواہ اور دیگر مضافاتی علاقوں کے روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے عملے کی جانب سے مسافروں سے مقررہ کرایوں سے کہیں زیادہ کرائے وصول کیے جا رہے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ آر ٹی اے سیکرٹری کی عدم توجہی کے باعث ٹرانسپورٹ عملہ من مرضی کے کرائے وصول کر رہا ہے۔

مسافروں کے مطابق شکایات کے لیے دیا گیا نمبر بھی اکثر اوقات کوئی اٹینڈ نہیں کرتا جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی بھی نظر نہیں آتی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بیشتر گاڑیوں میں سرکاری طور پر مقرر کردہ کرایہ نامہ بھی آویزاں نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مسافر مجبوری کے عالم میں زیادہ کرایہ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں اضافی کرایہ وصولی عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ اوورچارجنگ میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مضافاتی روٹس پر چلنے والی تمام گاڑیوں میں نمایاں جگہ پر کرایہ نامہ آویزاں کروا کر سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو ریلیف مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button