سوہاوہ میں بکرے کو زخمی کرنے اور بزرگ خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار

سوہاوہ: ڈومیلی کے نواحی علاقہ میں کلہاڑی کے وار سے بکرے کی ٹانگ زخمی کرنے اور بزرگ خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو پولیس نے قلیل وقت میں گرفتار کر لیا۔
یہ واقعہ جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے نواحی علاقے میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے معمولی تنازعہ پر بکرے کو کلہاڑی کے وار سے زخمی کیا اور ایک بزرگ خاتون کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی اور جدید ٹریکنگ کے ذریعے ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ ڈومیلی میں مقدمہ درج کر لیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ جانوروں پر ظلم ایک غیر انسانی اور ناقابلِ برداشت عمل ہے۔ پولیس ایسے ظالم عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون شکن عناصر کے لیے جہلم پولیس کا رویہ سخت اور مؤثر رہے گا تاکہ معاشرے میں انصاف اور انسانی ہمدردی کا ماحول برقرار رہے۔



