گورنمنٹ ہائی اسکول ڈومیلی میں سالانہ رزلٹ کی رنگارنگ تقریب، طلبہ و طالبات میں انعامات کی تقسیم

سوہاوہ: گورنمنٹ ہائی اسکول ڈومیلی میں سالانہ نتائج کے اعلان کے موقع پر ایک شاندار اور رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات، والدین اور علاقہ بھر کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر ڈی او سیکنڈری محمد شہزاد، جنرل (ر) راجہ شمریز کیانی، حمزہ اظہر کیانی، سابق سی ای او ایجوکیشن کوثر سلیم، ایم ایس رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی ڈاکٹر شبیر اعوان، راجہ جہانزیب کیانی، راجہ عاطف کیانی، ملک خرم (ڈائریکٹر پرزم اسکول اینڈ کالج) سمیت دیگر مہمانانِ گرامی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مہمانوں کا سکول پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ تقریب میں اسکول کونسل کے عہدیداران اور والدین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ طلبہ و طالبات نے اسٹیج پر مختلف ٹیبلوز پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
نتائج کے اعلان میں جماعت دہم میں محمد عمر نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جماعت نہم میں حافظ صلاح الدین نے میدان مارا۔ سال کے بہترین طالبعلم کا اعزاز "اسٹوڈنٹ آف دی ایئر” محمد ابراہیم کے نام رہا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔ ہیڈ ماسٹر ذیشان منیر کیانی نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔
اپنے خطاب میں ہیڈ ماسٹر ذیشان منیر نے کہا کہ "جب سے میں نے اس ادارے کی ہیڈشپ سنبھالی، اسکول کی حالت زار کو بہتری کی طرف لے کر آیا ہوں، جس کے اثرات آج کے شاندار رزلٹ سے واضح ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے کلاس نہم میں ہیلتھ سائنس، بائیوسائنس اور کمپیوٹر سائنس کی کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر بھی سکھایا جا سکے۔
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ چھوٹی کلاسز کے لیے داخلہ مہم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اسکول میں کمپیوٹر لیب، سائنس لیب، لائبریری، صاف پانی، محفوظ ماحول اور 24 گھنٹے کیمرہ نگرانی کی سہولیات موجود ہیں۔
ہیڈ ماسٹر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول میں داخل کرائیں تاکہ وہ مفت تعلیم، کتابیں اور معیاری تدریسی ماحول سے فائدہ اٹھا سکیں۔



