10
جہلم میں موسم کی اچانک تبدیلی کے باعث ناک، کان اور گلے کے انفیکشن سمیت مختلف موسمی امراض میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سرد موسم کے ساتھ ہی نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور انفلوائنزا کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ رپورٹ ہو رہا ہے، جس پر طبی ماہرین نے شہریوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر چوہدری فواد مجید کا کہنا ہے کہ اس موسم میں بچوں اور بڑوں دونوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ سردی اور خشک ہوا سانس اور گلے کے انفیکشن کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور خود کو ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رکھیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور یہ پیچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر بیماری کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی اسپتال یا کسی مستند معالج سے رجوع کریں تاکہ بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے اور بیماری کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔
