جہلم میں تندورمالکان نےمہنگی اور کم وزن روٹی فروخت کرنی شروع کردی

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں تندور مالکان کی جانب سے سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مہنگی اور کم وزن روٹی فروخت کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں قائم تندوروں پر روٹی اور نان کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے روٹی کا سرکاری نرخ 14 روپے مقرر ہونے کے باوجود متعدد تندوروں پر روٹی 20 روپے جبکہ 20 روپے مالیت کا نان 25 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ فروخت کی جانے والی روٹی اور نان کا وزن بھی سرکاری معیار سے کم ہے۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی خوراک ہونے کے باوجود انتظامیہ گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کر رہی، جس کے باعث تندور مالکان کھلے عام سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں مزدور، دیہاڑی دار، غریب اور سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے اور مہنگی روٹی ان کی قوتِ خرید سے بھی باہر ہوتی جا رہی ہے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس باقاعدگی سے فیلڈ میں نکل کر تندوروں کی چیکنگ کریں، روٹی اور نان کے وزن کی جانچ پڑتال یقینی بنائیں، سرکاری نرخنامے نمایاں طور پر آویزاں کروائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور ضلع بھر میں سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوری کا خاتمہ کر کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button