جہلم میں ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل باپ بیٹی کو کچل دیا، بیٹی جاں بحق، باپ زخمی

جہلم میں جی ٹی روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور موٹرسائیکل کے تصادم میں موٹرسائیکل سوار بیٹی جاں بحق اور باپ شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے کالا گجراں کے قریب جی ٹی روڈ پر افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ٹریکٹر ٹرالی اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں 35 سالہ خاتون سلمیٰ بی بی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ان کے والد محمد بوٹا زخمی ہو گئے۔
دونوں باپ بیٹی موٹرسائیکل پر سوار ہو کر کالادیو اپنے گھر جا رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو 1122 نے جاں بحق خاتون کی لاش اور زخمی شخص کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، جو حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو قبضے میں لے کر مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔



