نئے آنے والے پاکستانی ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی، ڈاکٹر عمیر خان، ڈاکٹر راجہ ندیم

مانچسٹر: برطانیہ میں پاکستان نژاد برطانوی ڈاکٹرز کی تنظیم کے زیر اہتمام گالا ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے پاکستان نژاد برطانوی ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشین آف پاکستانی فزیشین آف ناردرن یورپ کے زیر اہتمام پریسٹن کے مقامی ہال میں منعقدہ تقریب توجہ کامرکز بن گئی۔
برطانیہ بھر سے شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ڈاکٹرز نبیل افضل،ڈاکٹر مسعود، ڈاکٹر نعمان، ڈاکٹر عمران راؤ،ڈاکٹر نگہت،ڈاکٹر جواد، ڈاکٹر عمیر خان،ڈاکٹر کمیلہ حیدر،ڈاکٹر سہیل قریشی، ڈاکٹر عائشہ شریف ،ڈاکٹر سمرین مظفر،ڈاکٹر ارم ناز،ڈاکٹر احمد سلمان، مئیر آف پریسٹن کونسلر فلپ کرو کے علاوہ فیملیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر مظہر شیح اور ڈاکٹر ارم ناز نے سر انجام دیے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوے ڈاکٹر عمیر خان، ڈاکٹر راجہ ندیم و دیگر کا کہنا تھا کہ اس وقت تنظیم کے ایک ہزار سے زائد ڈاکٹرز ممبر ہیں تنظیم کامیابی سے نئے آنے والے پاکستانی ڈاکٹرز کی رہنما ئی اور ان کے دیگر مسائل کیلئے پیش پیش رہتی ہے۔ نئے آنے والے پاکستانی ڈاکٹرز کو جدید علوم کی فراہمی اور ہر ممکن سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات ہماری منصوبہ بندی میں شامل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور پاکستان کے لیے کسی بھی قربانی سے دریع نہیں کریں گے۔تنظیم کے دیگر ارکان نے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے پلیٹ فارم سے کروڑوں روپے کی مالیت کے منصوبے پاکستان میں پایہ تکمیل تک پہنچا ئے جاچکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین میں طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے ہزاروں جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ماضی میں ہزاروں ڈالرز کی مالیت کی ادویات فلسطین پہنچائی گئی اور جہاں تک ممکن ہو سکا مستقبل میں بھی اس منصوبے کو جاری رکھا جائیگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوے مئیر آف پریسٹن کونسلر فلپ کرو نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز کی شعبہ صحت میں خدمات کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔
تقریب کے آخر میں اپنے تنظیم کے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل پینل نے لوگوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
تقریب کے آخر میں ڈاکٹر نبیل کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈاکٹرز نے برطانیہ کے شعبہ صحت میں کوویڈ کے دوران ناقابل فراموش حدمات سر انجام دے کر ملک کا نام فح سے بلند کیا ہے جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔


