سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے گورنمنٹ کیپٹن حسنات ہائی اسکول سوہاوہ میں معرکہ حق کے حوالے سے منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور خوبصورت ٹیبلو پیش کر کے افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں، شہداء کی جرات و بہادری اور قومی جذبے کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ حاضرین نے طلبہ کی شاندار پرفارمنس کو بے حد سراہا اور ان کے جذبۂ حب الوطنی کی تعریف کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے کہا کہ حب الوطنی، اتحاد اور قومی یکجہتی کے فروغ میں تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جس نے قوم کے عزم، حوصلے اور دفاعِ وطن کے جذبے کو مزید مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ قومی اقدار، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے جذبے کو بھی فروغ دیں تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور اساتذہ کو سراہا گیا جبکہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
