یوم شہادت حضرت علیؑ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، ڈی پی او جہلم

جہلم: یوم شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی صدارت میں امن کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ضلع جہلم کے علماء کرام، امن کمیٹی کے ممبران، جلوسوں اور مجالس کے منتظمین، لائسنس ہولڈرز، ایس ڈی پی او سٹی سرکل اور تھانہ سٹی و تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈی پی او جہلم نے سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یوم شہادت حضرت علیؑ کے دوران جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام شرکاء کو چیکنگ کے بعد ہی جلوس اور مجالس میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ جلوس کے آغاز سے قبل سویپنگ اور سرچنگ کے عمل کو مکمل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا سدباب کیا جا سکے۔

اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ماضی کی طرح اس بار بھی امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ علماء کرام اور منتظمین نے یقین دلایا کہ بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ہمہ وقت مستعد ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔

اجلاس میں شریک تمام فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ یوم شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button