پنڈدادنخان کے سینئر صحافی پروفیسر حکیم اختر علی بخاری کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

پنڈدادنخان: تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کے چیئرمین و پاکستان سوشل ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات پروفیسر حکیم اختر علی بخاری ستارہ سماج مختصر علالت کے باعث انتقال کر گئے۔
نماز جنازہ شان اسلام عید گاہ میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما قاری قیام الدین الحسینی نے پڑھائی۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں سابق پارلیمانی سیکرٹری چوہدری نذر حسین گوندل، مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر جاوید وڑائچ، مسعود خان بلوچ اور چیئرمین مظفر اقبال سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
پروفیسر حکیم اختر علی شاہ بخاری گولڈ میڈلسٹ، ستارہ سماج اور قائد اعظم ایوارڈ سمیت شعبہ طب، شعبہ صحافت اور سماجی و رفاعی کاموں میں سینکڑوں ایوارڈز حاصل کر چکے تھے۔ وہ قومی رضا کاران فورس کے ڈی ایس پی پنڈدادنخان بھی تعینات رہے ہیں، عرصہ دراز سے سماجی رفاعی خدمات کے علاوہ مثبت صحافت کے علمبردار تھے۔
پنڈ دادنخان میں منعقدہ تمام سرکاری و غیر سرکاری تقریبات ان کے بغیر ادھوری سمجھی جاتی تھیں۔ شعلہ بیانی ان کا خاصہ تھا، ہردل عزیز شخصیت ہونے کے ناطے انہیں ہر پلیٹ فارم پر پذیرائی حاصل ہوتی۔
آج انہیں ہزاروں سو گواروں کی موجودگی میں شان اسلام قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے بانی رہنما قاری قیام الدین الحسینی نے خصوصی دعا فرمائی۔



