القادر یونیورسٹی میں قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے خصوصی سیمینار کا انعقاد

سوہاوہ: القادر یونیورسٹی سوہاوہ میں طلبہ کے درمیان باہمی رابطے، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر، سی ای او ایجوکیشن میڈم نادیہ، سوشل ورکر ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء، القادر یونیورسٹی کی انتظامیہ اور مختلف سرکاری و نجی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
سیمینار کا مقصد مختلف صوبوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے درمیان مثبت روابط اور بھائی چارے کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
بلوچ، پنجابی، پٹھان اور سندھی طلبہ نے اپنی اپنی ثقافتوں کا تعارف پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی خوبصورتی اس کے مختلف رنگوں اور ثقافتوں میں ہے جنہیں باہمی احترام اور محبت کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہے اور مختلف علاقوں سے آنے والے طلبہ کے درمیان روابط قومی یکجہتی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ باہمی احترام، برداشت اور اتحاد کے پیغام کو عام کرنے کی تلقین کی۔
تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کے لیے خصوصی افطاری کا اہتمام کیا گیا جبکہ عید کے موقع پر طلبہ میں عید گفٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ طلبہ نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف تعلیمی ماحول کو بہتر بناتی ہیں بلکہ مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔
تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں طلبہ نے پاکستان کی وحدت اور یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔



