دینہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،320 کلو فنگس زدہ مضر صحت اچار تلف

دینہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے مضرِ صحت اشیاء کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دینہ کے علاقے لیاقت ٹاؤن میں قائم ایک غیر قانونی اچار یونٹ سے 320 کلوگرام فنگس زدہ اور ناقص اچار برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں خفیہ اطلاعات پر ایک گھر میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی، جہاں غیر معیاری اچار تیار کر کے بوریوں میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اچار انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک تھا اور اس کی فروخت سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ تھا۔
مزید برآں، متعلقہ یونٹ کے پاس فوڈ اتھارٹی کا کوئی لائسنس بھی موجود نہیں تھا، جو کہ قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ناقص اچار کو تلف کیا بلکہ یونٹ کے مالک کے خلاف تھانے میں مقدمہ بھی درج کرا دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبہ بھر میں غیر قانونی اور غیر معیاری خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔
فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملاوٹ شدہ یا ناقص اشیاء کی نشاندہی کریں اور فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔



