محفوظ سڑکیں، محفوظ زندگیاں؛ چار ممالک کے ماہرین کا پاکستان میں روڈ سیفٹی کلچر تبدیل کرنے پر زور

جہلم/ لاہور: سڑک حادثات کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر الرّحمہ ہیلپنگ ہینڈز فاؤنڈیشن (AHHF) نے اروم ایسوسی ایٹس کے تعاون سے گزشتہ روز ’’محفوظ سڑکیں، محفوظ زندگیاں‘‘ کے عنوان سے آن لائن روڈ سیفٹی آگاہی ویبینار کا انعقاد کیا۔

ویبینار میں پاکستان، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور جرمنی سے ٹرانسپورٹ پلاننگ، روڈ سیفٹی اور ہائی وے ڈیزائن کے ماہرین نے شرکت کی۔ یہ سیشن رات 8 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک جاری رہا۔

نیوزی لینڈ کی میسی یونیورسٹی میں ٹرانسپورٹ پلاننگ کے پروفیسر ڈاکٹر عمران محمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ محفوظ سڑکوں کے قیام کے لیے صرف ڈرائیوروں کے رویے میں تبدیلی کافی نہیں، بلکہ ٹرانسپورٹ نظام کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور سرمایہ کاری کے طریقۂ کار کو بھی تبدیل کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں ہر سال دس لاکھ سے زائد افراد سڑک حادثات میں جان کی بازی ہار جاتے ہیں جبکہ پاکستان جیسے کم آمدنی والے ممالک پر اس مسئلے کا بوجھ زیادہ ہے۔ انہوں نے بہتر پبلک ٹرانسپورٹ، پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے محفوظ انفراسٹرکچر اور انسانوں کو ترجیح دینے والی سڑکوں کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا۔

کینیڈا سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹ اور روڈ سیفٹی کے ماہر انجینئر محمد قاسم نے کہا کہ ان کے شہر میں روڈ سیفٹی کو تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری سمجھا جاتا ہے۔ وہاں اسکولوں میں بچوں کو سائیکل چلانے اور سڑک عبور کرنے کی باقاعدہ تربیت دی جاتی ہے جبکہ اساتذہ کے لیے مفت تدریسی مواد اور تربیتی ویڈیوز بھی دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑوں کے رویوں میں تبدیلی لانا مشکل ہوتا ہے، اس لیے روڈ سیفٹی کی تعلیم پرائمری اسکول کی سطح سے شروع ہونی چاہیے۔ عوامی آگاہی کے پیغامات بھی اتنے سادہ ہونے چاہئیں کہ پانچ سال کا بچہ بھی انہیں باآسانی سمجھ سکے۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹیشن پلاننگ اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے ماہر انجینئر حافظ عثمان احمد نے کہا کہ سب سے پہلے ٹریفک قوانین کو واضح اور مؤثر بنانا ضروری ہے کیونکہ ای اسکوٹرز جیسی نئی سواریوں کے لیے نہ مخصوص لین موجود ہیں اور نہ ہی جامع قواعد و ضوابط وضع کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور کے ایک ہسپتال کے دو وارڈز کے دورے کے دوران ان کے مشاہدے میں آنے والے تقریباً تمام زخمی بچے رکشوں اور چنگچی رکشوں کی ٹکر کے باعث متاثر ہوئے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رکشوں، چنگ چی رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے فوری طور پر جامع قوانین بنائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک چالان کا مقصد سرکاری آمدنی میں اضافہ نہیں بلکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہونا چاہیے۔

ویبینار کے مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سڑک حادثات کی سماجی و معاشی قیمت کا باقاعدہ حساب ہونا چاہیے، جس میں متاثرہ خاندانوں کی آمدنی کا نقصان، قرضوں کا بوجھ اور علاج معالجے کے اخراجات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button